نئی دہلی، 16نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )نقد رقم کے مسئلے سے لوگ اب بھی پریشان ہے اور صبح سے ہی اے ٹی ایم اور بینکوں کے باہر کبھی نہ ختم ہونے والی قطاریں لگ گئی ہیں۔لوگ اپنی روزمرہ کی ضروریات کے لیے نقد رقم چاہتے ہیں اور استعمال سے باہر کئے گئے 500 اور 1000کے نوٹ کے بدلے درست نوٹ لینے کے لئے قطار میں کھڑے ہیں۔بینکوں کے زیادہ تر گراہک اے ٹی ایم کے جلد خالی ہو جانے کی وجہ سے پریشان نظر آئے۔اس کے علاوہ اب بھی ہزاروں اے ٹی ایم نے کام کرنا شروع نہیں کیا ہے۔کچھ اے ٹی ایم میں نقد رقم ہے لیکن وہ بھی تکنیکی خامی کے سبب لوگوں کی پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔قطار کا عالم یہ ہے کہ پارلیمنٹ اور وزارت خزانہ کی عمارتوں میں لگے اے ٹی ایم میں بھی لمبی قطار لگی ہیں اور یہاں بھی لوگوں کو نقد رقم لینے میں اوسطاً ایک گھنٹے کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ملک بھر میں لوگ اپنی پریشانیوں کی شکایت کر رہے ہیں کیونکہ ان کی روزمرہ کی ضروریات بھی مناسب طریقے سے پوری نہیں ہو پا رہی ہیں۔